اک رند ہے اور مدحت سلطان مدینہ ہاں کوئی نظر رحمت سلطان مدینہ تو صبح ازل آئنۂ حسن ازل بھی اے صل علیٰ صورت سلطان مدینہ...
اک رند ہے اور مدحت سلطان مدینہ
ہاں کوئی نظر رحمت سلطان مدینہ
تو صبح ازل آئنۂ حسن ازل بھی
اے صل علیٰ صورت سلطان مدینہ
اے خاک مدینہ تری گلیوں کے تصدق
تو خلد ہے تو جنت سلطان مدینہ
ظاہر میں غریب الغربا پھر بھی یہ عالم
شاہوں سے سوا سطوت سلطان مدینہ
اس طرح کہ ہر سانس ہو مصروف عبادت
دیکھوں میں در دولت سلطان مدینہ
کونین کا غم یاد خدا درد شفاعت
دولت ہے یہی دولت سلطان مدینہ
اس امت عاصی سے نہ منہ پھیر خدایا
نازک ہے بہت غیرت سلطان مدینہ
اے جان بہ لب آمدہ ہشیار خبردار
وہ سامنے ہیں حضرت سلطان مدینہ
کچھ اور نہیں کام جگرؔ مجھ کو کسی سے
کافی ہے بس اک نسبت سلطان مدینہ ﷺ
صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کلام : جگر مراد آبادی

کوئی تبصرے نہیں
Hi