قدرتی آفات اور سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود صوبائی حکومت نے استقامت اور اصلاحات کے ذریعے ترقی کا سفر جاری رکھا ہے۔۔۔ سہیل آفریدی وزیرِ اعلیٰ...
قدرتی آفات اور سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود صوبائی حکومت نے استقامت اور اصلاحات کے ذریعے ترقی کا سفر جاری رکھا ہے۔۔۔ سہیل آفریدی
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے جرمنی کی سفیر برائے پاکستان اینا روت لوئیز لیپل نے جمعہ کے روز وزیرِ اعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات ایک تعارفی دورے کے طور پر ہوئی جس میں جرمن سفارت خانے اسلام آباد کے فرسٹ سیکرٹری جان جیرالڈ کراوسر بھی موجود تھے۔اس موقع پر جرمن سفیر نے وزیرِ اعلیٰ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت اور جرمنی کے درمیان جاری تعاون کے مختلف شعبوں کا ذکر کرتے ہوئے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے جرمنی کی خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ شراکت داری کے تسلسل پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ایک دیرپا ترقیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، جس کا محور معاشی بحالی اور ادارہ جاتی اصلاحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات اور سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود صوبائی حکومت نے استقامت اور اصلاحات کے ذریعے ترقی کا سفر جاری رکھا ہے۔ ضم شدہ اضلاع سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ حکومت ان علاقوں میں تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کے اہم منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے تاکہ یہ علاقے صوبے کے دیگر حصوں کے ہم پلہ ہو سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ضم شدہ اضلاع میں ایک جدید یونیورسٹی قائم کی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں۔جرمن سفیر نے صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پشاور یونیورسٹی میں تدریس کے فرائض انجام دینے والے وہ پاکستانی ماہرین جو جرمنی کی جامعات سے تعلیم یافتہ ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مثبت تعلق کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات باعثِ اطمینان ہے کہ جرمن یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل پاکستانی طلبہ وطن واپس آ کر تدریس اور ترقی کے شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔مزید برآں، علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے جرمن سفیر کو پاک۔افغان سرحد کے حالات سے آگاہ کیا اور کہا کہ خطے کے پائیدار استحکام کے لیے امن اورمذاکرات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت افغان شہریوں کی واپسی کے عمل میں انسانی ہمدردی کے اصولوں پر کاربند ہے اور ان کی باعزت واپسی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ملاقات کے اختتام پر وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا اور جرمن سفیر نے باہمی تعلقات کے فروغ اور خیبر پختونخوا اور جرمنی کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔۔۔#

کوئی تبصرے نہیں
Hi